زمان پارک کے اطراف پولیس کی گرینڈ آپریشن کیلئے پیش قدمی شروع

زمان پارک میں آپریشن کی تیاری مکمل ، لاہور کی مختلف سڑکیں بند، آپریشن میں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں،کرینیں بھی پہنچا دی گئیں

لاہور (نیوز ڈیسک) زمان پارک کی جانب پولیس نے ایک بار پھر پیش قدمی شروع کر دی،کرینیں بھی پہنچا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق زمان پارک کے اطراف پولیس نے گرینڈ آپریشن کیلئے پیش قدمی شروع کر دی ہے،ڈی آئی آپریشن اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن قیادت کر رہے ہیں،آپریشن میں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں اینٹی رائیٹ فواد اور سی آئی اے اہلکار بھی شامل ہیں،پولیس کے مطابق زمان پارک عمران خان کی رہائش کے ارد گرد پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن موجود ہیں،جبکہ مسرت چیمہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کیلئے روانہ ہو چکے ہیں اور یہ زمان پارک پر حملہ آور ہیں۔


یاد رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں،عمران خان قافلے کی شکل میں اسلام آباد پہنچیں گے۔


ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا ہے،توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس میں ہو گی۔ جبکہ جوڈیشل کمپلیکس کے کارکنان کی گرفتاریاں شروع ہوگئیں۔

پی ٹی آئی کے دو کارکنوں کو گرفتار کر کے قیدی وین میں ڈال دیا گیا۔جوڈیشل کمپلیکس میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کی جا چکی ہے۔ جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پیشی سے متعلق قوائد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر کوئی سڑک بند نہیں کی جائے گی،ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کو راستہ دیا جائے گا،کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔