لیبیا سے ڈھائی ٹن یورینیم غائب ہے : عالمی جوہری توانائی ایجنسی

ویانا : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) عالمی جوہری توانائی ایجنسی کاکہنا ہے کہ لیبیا کی سائٹ سے ڈھائی ٹن یورینیم غائب ہوگئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا سائٹ کے معائنے کے بعد رکن ممالک کو اپنے بیان میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت نے یورینیم کے 10 ڈرم ڈیکلیئر کیے تھے جو اب وہاں نہیں ہیں۔

خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جوہری توانائی ایجنسی مذکورہ مقام سے یورینیم ہٹائے جانے کی مزید تحقیقات کرے گی ، لیبیا کی سائٹ پر یہ معائنہ گزشتہ برس ہونا تھا لیکن خطے کی خراب صورتحال کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

ایجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ جوہری مقام سے متعلق کوئی خبر دینا خطرے سے خالی نہیں، مذکورہ مقام تک پہنچنے کے لیے پیچیدہ لاجسٹکس کی ضرورت ہے اور وہ یورینیم کی غیرموجودگی کی تحقیق کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ 2003 میں لیبیا کے معمر قذافی نے جوہری اسلحہ پروگرام ترک کرنے کا اعلان کیا تھا۔