بجلی 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر چیئرمین نیپرا برہم

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی بجلی پر سر چارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست پر پاور ڈویژن حکام پر برہم ہو گئے۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا ہے آئندہ سال کے لیے سر چارج کی اتنی جلدی کیوں ہے؟ عوام کو کوئی سکون کا سانس لینے دیں۔
نیپرا کے ممبرِ سندھ رفیق شیخ نے کہا کہ عوام کو بوجھ تلے دبا دیا، بجلی کی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں۔

نیپرا حکام نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سر چارج میں اضافے کی نئی درخواست دی ہے، پہلے آئندہ مالی سال کے لیے ایک روپے 43 پیسے فی یونٹ سرچارج اضافے کی درخواست تھی، اب یہ سر چارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے، نئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پہلے منظور شدہ سر چارج سے ضرورت پوری نہیں ہو سکتی۔

ممبرِ نیپرا خیبر پختون خوا مقصود انور نے سوال کیا کہ یہ معاملہ کہاں تک جائے گا؟ کل مزید سر چارج بڑھانے کے لیے اور درخواست لے آئیں گے۔ جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ ہمارے پاور سیکٹر کے مسائل گمبھیر ہیں، گردشی قرض تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

ممبرِ سندھ رفیق شیخ پاور ڈویژن حکام پر برس پڑے اور کہا کہ ڈسکوز کی ناقص کارکردگی کی سزا عوام کو کیوں دی جائے؟ عوام کو بوجھ تلے دبا دیا، بجلی کی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں، ہم صارفین کے حقوق کے بھی محافظ ہیں۔