شاہ رخ خان کے ہالی ووڈ میں کام کرنے سے متعلق خیالات پر پریانکا چوپڑا کا ردِعمل

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ہالی ووڈ میں کام کرنے سے متعلق خیالات پر پریانکا چوپڑا نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ شاہ رخ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں ہالی ووڈ میں کام کرنے کے بارے میں کہا تھا کہ مجھے ہالی ووڈ جانے کی کیا ضرورت ہے جب میں بالی ووڈ میں بہت سکون سے ہوں۔
پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان کے مذکورہ بیان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے سکون سے رہنا بہت بورنگ لگتا ہے، میں بہت مغرور نہیں ہوں لیکن مجھے خود پر اعتماد ہے کہ میں جو بھی کر رہی ہوں وہ صحیح ہے، مجھے پتہ ہے کہ مجھے سیٹ پر کب جانا ہے اور مجھے اپنے کام کے لیے ایگزیکٹوز کی توثیق کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آڈیشن دینے کو تیار ہوں، میں کام کرنے کو تیار ہوں کیونکہ جب میں دوسرے ملک جاتی ہوں تو ان کامیابیوں کا بوجھ اپنے ساتھ لے کر نہیں جاتی جوکہ میں نے اپنے ملک میں حاصل کی ہیں۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا نے فلم ’ڈان‘ اور’بلّو باربر‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا جبکہ2011ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’را-ون‘ میں بھی پریانکا چوپڑا خصوصی انٹری دیتے ہوئے نظر آئی تھیں