کم مقدار پٹرول دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور مقدار میں پورا پٹرول اور پٹرول پراڈکٹس میسر ہوں ، کم مقدار پٹرول دینے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی کی جائے گی۔
پیر کو جاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر لیبر ڈیپارٹمنٹ آئی سی ٹی کے آفیسرز نےمختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کا معائنہ کیا۔

لیبر ڈیپارٹمنٹ آئی سی ٹی کے آفیسرز نے مختلف علاقے میں مختلف پٹرول پمپس پر معیار اور مقدار کو چیک کیا۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ آئی سی ٹی کے آفیسرز نے پی ایس او کے فیول اسٹیشن ایف ایٹ مرکز کا معائنہ کیا، کم پیمائش کی وجہ سے 12میں سے 3نوزلز کو سیل کر دیا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ حسین پیٹرول پمپ ایف ایٹ مرکز کا بھی معائنہ کیا گیا اور دس میں سے چار نوزلز کو کم پیمائش کی وجہ سے سیل کر دیا گیا۔