90

جب عدم اعتماد آئے تو دیکھ لیں گے ڈرنے والے نہیں، وزیر اعلی پنجاب

لاہور: کوئی ان ہاؤس تبدیلی لانا چاہتا ہے تو لے آئے، وزیراعلی پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جب عدم اعتماد آئے تو دیکھ لیں گے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

سردار عثمان بزدار کی جانب سے چنیوٹ کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔

سردار عثمان بزدار نے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کوئی ان ہاؤس تبدیلی لانا چاہتا ہے تو لے آئے، سپریم کورٹ کے بلدیاتی ادارے پر تفصیلی فیصلے کے بعد قانونی لائحہ عمل اختیار کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چنیوٹ کے ترقیاتی پیکیج سے متعلق کہا کہ چنیوٹ ڈسٹرکٹ پیکیج کے تحت 12 بڑے منصوبے مکمل کیے جائیں گے جس میں روڈ سیکٹر کے 6، ہیلتھ اور ایجوکیشن کے 2، 2، نکاسی آب اور پولیس لائنز کا منصوبہ شامل ہے، چنیوٹ میں 250 بیڈ کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بھی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کلہ چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس اور پولیس لائنز بھی بنائی جائیں گی جس میں فراہمی و نکاسی آب، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے دیگر منصوبے بھی شامل ہوں گے، لالیاں میں بوائز کالج اور بھوانہ میں گرلز ڈگری کالج بنانے کے لیے فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا فیصل آباد، چنیوٹ سرگودھا 67 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی، فیصل آباد، چنیوٹ، سرگودھا روڈ میگا پراجیکٹ پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا، چنیوٹ پنڈی بھٹیاں روڈ کی بحالی اور تعمیر و مرمت کے لیے کاوش کر رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں 2018 کے نرخ پر اشیائے صرف فراہم کریں گے، گندم خریداری پالیسی پر عملد رآمد کر کے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

دوسری جانب چنیوٹ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے  چنیوٹ میں عوام کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے 2 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے، معطل افسران میں تحصیل دار چنیوٹ ندیم خواجہ اور اکاؤنٹینٹ اکاؤنٹ آفس چنیوٹ محمد ارشد گھمن شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں