لیڈی ریڈنگ اسپتال کی OPD بند

صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے حکام نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسپتال کی او پی ڈی کو بند کردیا ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال حکام کے مطابق کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسپتال کی او پی ڈی بند کردی گئی ہے،اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں صرف ایمرجنسی آپریشن اور ضروری علاج مہیاء کیا جا رہا ہے ۔

ترجمان کے مطابق اسپتال اس وقت کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن کے طور پر کام کررہا ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر معمول کے حالات نہیں ہیں عوام غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (پمز) اسپتال کی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد کے مطابق کورونا مریضوں کے علاج کیلئے 15 سرکاری اور نجی اسپتال مختص کیے گئے ہیں ، کورونا مریضوں کے لئے مختص تین اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز مکمل بھر گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 2 فیصد تک جاپہنچی ہے، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید4 ہزار525 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2ہزار268 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار256ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ59ہزار116ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں