چشمے کو دھندلا ہونے سے بچانے کیلئے 5 ٹپس

 چشمے کوبھاپ سے بچانے کیلئے 5 ٹپس

عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بار بار ہاتھ دھونا، ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا، سماجی فاصلہ رکھنا اور ماسک پہننا تو ’نیو نارمل‘ کا حصہ اور عام سی بات ہو گئی ہے مگر چشمہ لگانے والے افراد کے لیے چشمہ لگانا اور ساتھ میں ماسک بھی پہننا نہایت مشکل کام ہے جس سے چند آزمودہ ٹپس پر عمل کر کے جان چھڑائی جا سکتی ہے ۔

انسانی جسم سے ناک کے ذریعے جو سانس باہر آتی ہے وہ جسمانی درجہ حرارت کے زیادہ ہونے کے سبب گرم ہوتی ہے، ماسک پہن کر سانس لینے کا مطلب ہے کہ انسانی جسم سے نکلنے والی گرم سانس ماسک کے اندر سے ہوتے ہوئے باہر نکلتی ہے اور چشمے پر بھاپ کی صورت میں  آ کر جمع ہو جاتی ہے جو کہ چشمہ پہننے والے افراد کے لیے نہایت الجھن کا سبب بنتی ہے۔

چشمے پر بھاپ آنے کے سب دھندلانظر آ نا اور بار بار چشمہ صاف کرنے جیسے مسئلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے مسائل سے جان چھڑانا ممکن نہیں ہے۔

ماسک پہننے کے بعد چشمے کو بھاپ سے کیسے بچایا جائے ؟

چشمہ صاف کرنے کی الجھنوں سے بچنے کے لیے مندرجہ ذیل ٹپس پر عمل کیا جا سکتا ہے۔

برتن دھونے والے جیل سے چشمے کے شیشے دھوئیں

برتن دھونے والے جیل کا ایک چھوٹا سا قطرہ چشمے کے گلاسز پر لگائیں، خصوصاً اندرونی حصے میں، اب اسے کسی نرم ملائم کپڑے سے مَل کر دھو لیں اس طرح شیشوں پر بھاپ نہیں ٹھہر پائے گی۔

شیونگ کریم کا استعمال

اپنے چشمے کے شیشوں کو شیونگ کریم سے بھی صاف کیا جا سکتا ہے، شیونگ کریم کی تھوڑی سی مقدار اپنے چشمے کے شیشوں پر لگائیں اور صاف کپڑے کی مدد سے اسے شیشوں پر ملیں اور کچھ دیر کے لیے کریم لگی رہنے دیں، بعد ازاں چشمے کو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔

اپنے لیے مختلف ماسک کا انتخاب کریں

اگر مندرجہ بالا بتائی گئی ٹپس پر عمل کر کے چشمے پر بھاپ آنے کی شکایت دور نہ ہوتو چشمے کا استعمال کرنے والے افراد کو چاہیے کہ اپنے لیے مختلف اقسام کے ماسک کا انتخاب کریں۔

ماسک خریدتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کے ماسک میں’میٹل اسٹرپ ‘ اسٹیل کی راڈ موجود ہو جسے اپنی ناک کی بناوٹ کی مناسبت سے موڑ کر ناک پر فکس کر لیں تاکہ سانس اوپر آنکھوں کی جانب نکلنے کے بجائے دونوں اطراف سے نکلنے لگے۔

ماسک کو آنکھوں کے قریب رکھیں

ماسک کو ناک کی اونچائی پر رکھنے کے بجائے اسے اوپر کی جانب آنکھوں کے قریب رکھیں، ماسک کی میٹل راڈ کو اچھی طرح سے دبا لیں، اب چشمہ پہننے کی صورت میں اس پر بھاپ نہیں آئے گی۔

چشمے کو چھونے سے گریز کریں

کچھ لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ بات کرتے ہوئے چشمہ اتار کر ہاتھ میں پکڑ لینا یا بار بار چشمے کو چھونا، ماسک پہننے کے دوران کوشش کریں کہ چشمے کو چھونے سے گریز کریں، چشمے کو جگہ سے ہلانے یا بار بار اتار کر لگانے سے چشمے پر بھاپ دوبارہ آنے لگ جاتی ہے۔

ماسک کیسے پہنا جائے؟

عالمی وبا کے دوران بچاؤ کے لیے چشمہ پہننے کے صحیح طریقے کو جاننا نہایت ضروری ہے، ماسک پہننے سے قبل اپنے ہاتھوں کو سینیٹائز کریں اور ماسک کو ہاتھ لگائے بغیر ’ایلاسٹک‘ یعنی کے سفید ڈوری سے پکڑتے ہوئے پہن لیں۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ ایک ماسک کو کبھی بھی دو بار نہ پہنیں، ایک بار میں ماسک ہٹا دینے کے بعد اب نیا ماسک لیں، استعمال کیا ہوا ماسک بیگ میں نہ رکھیں، اور اگر ماسک کپڑے کا ہو تو دوسری بار کے استعمال کے لیے اسے ڈیٹرجنٹ سے دھونا لازمی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں