پاک فوج کے سابق سربراہ کی کالا پل چنیسر گوٹھ کے قریب واقع آرمی قبرستان میں تدفین کی گئی
کراچی (نیوز ڈیسک) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز انتقال کر جانے والے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت کو دبئی میں غسل دیا گیا جس کے بعد ان کی میت پاکستان پہنچی اور آج جنرل (ر) پرویز مشرف کی نماز جنازہ پولو گراؤنڈ ملیر کنیٹ کراچی میں ادا کی گئی، جس میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد ، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائڑد قمر جاوید باجوہ اور جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی، اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور فروغ نسیم نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی، جس کے بعد پاک فوج کے سابق سربراہ کی کالا پل چنیسر گوٹھ کے قریب واقع آرمی قبرستان میں تدفین کی گئی۔
واضح رہے کہ سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اتوار کی صبح دبئی میں انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 79 برس تھی، پرویز مشرف اعضا کی خرابی کی بیماری (ایمیلوئیڈوسس) میں مبتلا تھے اور 18 مارچ 2016 سے دبئی میں مقیم تھے، جہاں گزشتہ برس جون میں پرویز مشرف کی طبیعت بہت بگڑ گئی تھی، جس کے بعد سے وہ دبئی کے امریکن ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
بتاتے چلیں کہ پرویز مشرف 11 اگست 1943ء میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیدا ہوئے تھے، تقسیم کے بعد ان کا خاندان کراچی آ کر آباد ہوا، انہوں نے 1961ء میں پاکستان آرمی میں کمیشن لیا اور 1998ء میں وہ پاکستان کی بری فوج کے سربراہ بنے، وہ 2000ء میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے ملک کے صدر منتخب ہوئے، جس میں تقریبا 98 فیصد شہریوں نے ان کے حق میں رائے دی تھی، جس کے بعد وہ 2001ء سے 2008ء تک پاکستان کے صدر رہے اور اس دوران ایک مدت تک وہ پاکستانی فوج کے سربراہ بھی رہے۔