ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے پر عالمی برادری کا اظہار یکجہتی

انقرہ: (انٹرنیشنل ڈیسک)ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد عالمی برادری نے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، امریکا سمیت متعدد ممالک نے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ترکیہ اور شام میں ہلاکت خیز زلزلے کے بعد عالمی برادری نے دونوں ممالک سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور امداد کی پیشکش کی ہے، کئی ممالک نے امدادی سرگرمیوں میں شرکت کیلئے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے بین الاقوامی برادری کی مدد پرانحصار کرتے ہیں سعودی عرب کی جانب سے بھی ترک صدر سے رابطہ کر کے تباہی اور ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا گیا۔

فرانس، یوکرین نے بھی امدادی سرگرمیوں میں مدد کی پیشکش کی ہے، آذربائیجان، نیدرلینڈز اور رومانیہ سے ریسکیو ٹیمیں ترکیہ اور شام کے متاثرہ علاقوں میں بھی پہنچ رہی ہیں، عراق نے تباہ کن زلزلے کے بعد شام اور ترکی کو امداد بھیجی ہے۔

یورپین پارلیمنٹ کے صدر کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے کے بعد بلغاریہ، کروشیا، یونان، ہنگری پولینڈ سمیت کئی ممالک نے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو فوری تیاری کا حکم جاری کیا ہے۔