کراچی: شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں کا سیٹ پر دھاوا، ٹیم پر تشدد

کراچی: (شوبز ڈیسک) جمشید کوارٹر شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں نے سیٹ پر دھاوا بول دیا، شوٹنگ سٹاف کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
فلم ڈائریکٹر نبیل قریشی نے بتایا کہ پی آئی بی کالونی میں مجھ پر اور میری ٹیم پر شوٹنگ کے دوران حملہ ہوا،حملہ کرنے والوں کی تعداد لگ بھگ سو کے قریب تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں ایک گھر میں محصور کر کے ہراساں کیا گیا،15 پر کالز کی مگر داد رسی نہیں ہوئی ،پولیس کے اعلی حکام سے رابطہ کیا تب جاکر پولیس پہنچی۔

نبیل قریشی نےمزید کہا کہ بنوریہ ٹاؤن پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے، حملہ کرنے والوں کےمحرکات کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کراچی زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ علاقہ مکین چاہتے تھے کہ ہمارے علاقے میں شوٹنگ نہ کی جائے ،اداکار اور دیگر سٹاف سے بدتمیزی کی گئی۔


ایس ایس پی ایسٹ کراچی نے مزید کہا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے، پولیس نے ابتدائی طور پر 2افراد کو حراست میں لیا ہے، گھر شوٹنگ کے لیے کرائے پر لیا تھا۔

اداکارہ حرامانی بھی شوٹنگ میں شریک تھیں جو جھگڑے سے کچھ دیر قبل ہی وہاں سے نکل آئی تھیں،اداکارہ کے شوہر نے بتایا کہ حرا بالکل محفوظ ہیں۔