موٹاپے کے ڈر سے آٹھ مہینے تک کھانے پینے سے مکمل پرہیز کرلیاتھا، مشل خان

میرا بلڈ پریشر اس قدر کم ہوگیا تھا کہ میں قومہ میں چلی گئیں تھی مگر میں بال بال بچ گئی،اداکارہ

کراچی(شوبز ڈیسک) اداکارہ مشل خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے موٹاپا دور کرنے کیلئے آٹھ ماہ تک کھانے پینے سے مکمل پرہیز کر لیا تھا۔حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں بات کرتے ہوئے مشل خان نے بتایا کہ وہ اپنے اسکول کے دنوں میں بہت موٹی ہوا کرتی تھیں لیکن انہیں موٹاپا کم کرنے کیلئے اس قدر دباؤ کا سامنا تھا کہ انہوں نے مہینوں تک صرف پانی پر گزارا کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ نویں جماعت میں تھیں اور کھانے پینے سے مکمل پرہیز کر رہی تھیں کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ معمولی کھانے سے بھی ان کا وزن مزید بڑھ جائے گا۔مشل خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا ہے ان کا بلڈ پریشر اس قدر کم ہوگیا تھا کہ وہ قومہ میں چلی گئیں تھیں مگر وہ بال بال بچ گئیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ایٹنگ ڈس آرڈر (anorexia) تھا جس کی وجہ سے آپ کو کھانے سے ڈر لگتا ہے، کیونکہ آپ کو وزن بڑھنے کا ڈر ہوتا ہے، میں صرف پانی پیتی تھی مگر ظاہر ہے کہ یہ خطرناک ہے اور لوگ اس عادت سے مر بھی جاتے ہیں، اس لیے کوئی بھی کبھی ایسا نہ کرے۔