گجرات میں پولیس کی بھاری نفری نے پرویز الہی کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کر لیا

سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے گھر میں داخل ہو گئے، گھر کی تلاشی شروع کر دی گئی

گجرات ( نیوز ڈیسک ) گجرات میں پولیس کی بھاری نفری نے پرویز الہی کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے گھر میں داخل ہو گئے اور گھر کی تلاشی شروع کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گھر میں پرویز الہی کی فیملی کا کوئی بھی فرد موجود نہیں ہے۔

رہائش گاہ پر صرف گیٹ کیپر اور ملازمین موجود ہیں۔ دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری جی او آر میں محمد خان بھٹی کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس محمد خان بھٹی کی رہائش گاہ سے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کی ڈیوائس بھی لے گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی مٹیاری کلیم ملک کی نگرانی میں پولیس نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو مٹیاری سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جس پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ محمد خان بھٹی کو لاپتہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ ک، سیکریٹری پنجاب اسمبلی کی گرفتاری کا نوٹس لینے چاہیے۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ آئی جی سندھ اور سندھ انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ ایسے واقعات صوبوں میں نفرت کا باعث بنیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ اس لاقانونیت کا فوری نوٹس لیں۔