بیلجیئم ، یورپ سکوائر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روشن

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلزمیں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سےیورپ سکوائر پر شمعیں روشن کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا گیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق برسلز کے سنٹرل سٹیشن کے سامنے کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام شمعیں روشن کی گئیں۔ اس دوران بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں پراجیکٹر پر بی بی سی کی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
واضح رہے کہ بی بی سی کی اس دستاویزی فلم میں برطانوی وزارت خارجہ کی ایک غیرشائع شدہ رپورٹ کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی جو اس سے پہلے گجرات کے وزیراعلی تھے، گجرات فسادات کے دوران تشدد کا ماحول بنانے میں براہ راست ذمہ دار تھے۔
ان فسادات میں کئی ہزار افراد مارے گئے جن میں زیادہ تر مسلمان تھے۔ دستاویزی فلم میں کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر پروگرام کے دوران کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میں دیگر ویڈیوز بھی بڑی سکرین پر دکھائی گئیں۔ پروگرام کے دوران یورپ سکوائر سے گزرتے متعدد یورپی باشندوں نے مسئلہ کشمیرمیں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔پروگرام کے دوران یورپ میں مقیم پاکستانیوں، کشمیریوں اور مختلف سماجی، فلاحی اور سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندوں نے جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
پروگرام کے منتظم اور کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی اہلکار انسدادتجاوزات کی آڑ میں اور عسکریت پسندی کا الزام عائد کر کے لوگوں کے گھروں کو مسمار کررہے ہیں، نوجوانوں کو جیلوں سے نکال کر ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اور ڈومیسائل قوانین تبدیل کرکے بھارت اب تک 42 لاکھ غیر کشمیری باشندوں کو جموں وکشمیر میں رہائش کے لیے اجازت نامے جاری کرچکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے تاکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں۔علی رضاسید نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں خاص طورپر اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل اور کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے کے لیے کرداراداکریں ۔