18 ویں چولستان جیپ ریلی کا آج سے آغاز

اسلام آباد : (سپورٹس ویب ڈیسک ) 18 ویں چولستان ڈیزرٹ انٹرنیشنل جیپ ریلی کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی پاکستان کا سب سے بڑا موٹر اسپورٹس ایونٹ ہے ، رواں برس ریلی کا انعقاد 6 فروری سے 12فروری تک کیا جارہا ہے ۔

ہر سال محکمہ سیاحت کی جانب سے منعقد کی جانے والی ملک کی سب سے بڑی جیپ ریلی میں گاڑیوں اور ریسنگ کے شوقین افراد کی ایک بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔ چولستان جیپ ریلی وہ واحد ایونٹ ہے جس میں کھیل، سیاحت اور تفریحی سرگرمیاں بیک وقت میسر آتی ہیں اور عوام کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کیلئے پرجوش ہوتی ہے ، ریلی جہاں سپورٹس کے پیشہ ور شوقین افراد کیلئے اہم حیثیت رکھتی ہے وہیں مقامی افراد کیلئے یہ اب ایک تہوار کی شکل اختیار کرگئی ہے ۔

اس ریلی کے لیے کئی مہینوں پہلے سے ہی تیاریوں کا آغاز کیا جاتا ہے ، جیب ریلی کا ٹریک جنوبی پنجاب کے تین اضلاع بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان سے ہو کر گزرتا ہے۔

یہ ایونٹ صحرائے چولستان میں ایک بہت بڑی معاشی سرگرمی بھی ہے ، ریلی میں فراٹے بھرتی گاڑیاں چولستان میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں گی۔ چولستان جیپ ریلی کا آغاز 2005 سے ہوا ، جس میں نامور ملکی و غیرملکی مرد ڈرائیورز کے ساتھ خواتین ڈرائیورز بھی حصہ لیتی رہی ہیں ، تین سے چار روز پر مشتمل یہ کھیل صرف تفریح ہی مہیا نہیں کرتا بلکہ بہاولپور کے عظیم ثقافتی ورثہ کوبھی اجاگر کرنے کا ذریعہ بنتا ہے ۔