عروج آفتاب گریمی ایوارڈز میں پرفارمنس دینے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں

لاس اینجلس : (شوبز ویب ڈیسک ) گلوکارہ عروج آفتاب دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز کی تقریب میں پرفارمنس دینے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں ۔ پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین پرفارمنس دے کر مداحوں کے دل جیت لیے ۔

سال 2023 کے گریمی ایوارڈز کیلئے عروج آفتاب کو دوسری مرتبہ نامزد کیا گیا تھا، پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب کا گانا ’ادھیڑو نہ‘ گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوا ۔

تاہم سال 2022 میں اپنے مشہور گانے ’محبت‘ سے گریمی میں بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیتنے والی گلوکارہ عروج آفتاب دوسرا گریمی ایوارڈ حاصل نہیں کرسکیں ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاس اینجلس میں منعقد گریمی ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب میں پہلی مرتبہ کوئی اُردو گانا پیش کیا گیا تھا۔

دوسری جانب معروف امریکی گلوکارہ بیونسے نے سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 32واں گریمی ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ۔