وزیراعظم کا ترکیہ میں شدید زلزلے سے نقصانات پر رنج وغم کا اظہار

اسلام آباد : (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونیوالے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پرتعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں برادر ترکیہ کی حکومت اور عوام کیساتھ ہیں ، پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کریگا، ترکیہ نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی کے بڑھتے واقعات دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں ، یہ انسانیت اور کرہ ارض کی بقاء کا معاملہ ہے ، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں رہی ہے ۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث ابتدائی طور پر 150سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے زلزلے کے باعث کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔