سابق صدر پرویز مشرف کی میت پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل

دبئی: (نیوز ڈیسک )سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کی میت پاکستان بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں قونصل خانے نے میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے این اوسی جاری کر دیا، پرویزمشرف کی میت المکتوم ایئرپورٹ سے کراچی روانہ کی جائے گی۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی میت واپس لانے کے لیے متحدہ عرب امارات میں پاکستان مشن مکمل تعاون اور مدد فراہم کر رہا ہے اور اس سلسلے میں یو اے ای میں پاکستانی مشن مشرف خاندان کیساتھ رابطےمیں ہے۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مشن مشرف خاندان کی ضروریات کا ہر طرح سے خیال رکھ رہا ہے۔ خیال رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے نجی ہسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔