گولیاں مارنے کا فخر سے ذکر، رانا ثنا اور بھارتی وزیر داخلہ میں کیا فرق ہے؟ فواد چودھری

جہلم: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پورے منظم طریقے سے پاکستان کے آئین کو سبوتاژ کیا اور شہریوں کو دیئے گئے آئینی حقوق کو سلب کیا ہے۔ جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان پر زبردستی حکومت کر رہا ہے، جب رانا ثنا اللہ پاکستان کے شہریوں اور تحریک انصاف کے کارکنوں پر آنسو گیس اور گولیاں مارنے کا فخر سے ذکر کرتا ہے تو رانا ثنا اللہ اور بھارت کے وزیر داخلہ میں کیا فرق رہ جاتا ہے؟ یہی کام تو بھارت اور کشمیر میں ہو ریا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اگر جہلم کا ایم این اے غدار تو جہلم کے لوگ غدار بھی ہیں، اگر میانوالی کا ایم این اے غدار ہے تو میانوالی کے لوگ بھی غدار ہیں، اگر مانسہرہ کا سینیٹر غدار ہے تو پھر مانسہرہ کے لوگ غدار ہیں تو پھر پاکستانی کون ہیں؟، اگر ہم لوگ ہی پاکستانی نہیں ہیں تو میں ان عقلمندوں سے پوچھنا چاہتا ہوں آپ اس وقت پاکستان توڑنے کی سازش میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا پرسوں خیبرپختونخوا میں دھماکا ہوا، 100 لوگ شہید ہو گئے اس کے بعد ایک پختونوں کی بیٹی شاندانہ گلزار پر غداری کا پرچہ درج کروا دیا، جب مرہم رکھنے کا وقت ہے تم لوگ نمک ڈال رہے ہو، ملک توڑنے کی سازش میں جو بین الاقوامی قوتیں ملوث ہیں وہ پاکستان کے لوگوں کے ساتھ مل کر یہ عمل آگے بڑھانا چاہتی ہیں، حکمرانوں کے ساتھ مل کر عمل بڑھانا چاہتی ہیں۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کی پاکستان میں کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی شہباز شریف کی، نہ ہی زرداری کی کوئی دلچسپی ہے، پاکستان میں جیسے پہلے حکمران آتے تھے، وہ علاقوں پر قبضے کرتے تھے لوٹ مار کرتے تھے اور اپنے ملک چلے جاتے تھے، منگولوں اور نادر شاہ نے کیا کیا تھا، آتے تھے حملے کرکے لوٹ مار کرتے تھے اور واپس چلے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکمران پاکستان میں صرف لوٹ مار کرنے آتے ہیں، اصل گھر ان کے لندن، دوبئی، فرانس، امریکا اور ویسٹرن ممالک ہیں، ان کو پاکستان سے کوئی مطلب نہیں ہے، جس طریقے سے یہ حکومت کر رہے ہیں، انہوں نے مجھے اغوا کیا اور طاقت کے نشے میں بدمست حکمران 4 دن بعد کہہ رہے ہیں شراب اور چرس کا پرچہ بھی ڈال دو، جو شخص ان سے حقوق مانگتا ہے، یہ انہیں دیوانہ اور پاگل کہتے ہیں۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ رات کے اندھیرے میں یہ گھروں میں گھستے ہیں، خاندانوں کی عزتوں کی پرواہ نہیں کرتے، میں کہتا ہوں رات کے اندھیرے میں تم مجھے مار تو لو گے، میں اگلے دن تمہیں اخبار کی سرخی میں ملوں گا، عمران خان کے اوپر آپ نے 65 پرچے کٹوائے، ان کے پلیٹ لیٹس قائم ہیں یہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس نہیں جو نیچے آ جائیں گے۔

سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ آخری چند مہینے ہیں، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، پہلے آپ نے پاکستان کے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا، عوام کے معاشی حقوق سلب کیے پھر آپ نے شہباز گل، اعظم سواتی، فواد چودھری، شاندانہ اس کے بعد صحافی دوستوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، کیا یہ ڈر گئے؟، کیا پاکستان کے لوگ ڈر گئے؟ اس وقت سے ڈرو جب لاکھوں لوگ سڑکوں پر ہوں گے اور تمہیں بھاگنے کیلئے جگہ نہیں ملے گی۔