بنگلہ دیش کی آزادی کیلئے جیل گیا تھا،مودی کا دعویٰ

نئی دہلی (این این آئی )بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دعوی کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی وجہ سے انہیں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم مودی نے یہ بات بنگلہ دیشکی آزادی کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر ڈھاکا میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔ وزیر اعظم مودی کے بقول بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ کے وقت ان کی عمر بیس بائیس سال رہی ہو گی، اس وقت انہوں نے گرفتاری بھی دی اور وہ جیل بھی گئے تھے۔مودی کا کہنا تھابنگلہ دیش کی

آزادی کی جتنی تڑپ اِدھر تھی اتنی ہی ادھر بھی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ مشرقی پاکستان سے آنے والی تصویروں سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہیں رات کو نیند نہیں آتی تھی۔ تاہم بھارتی اپوزیشن جماعتیں نریندر مودی پر جھوٹے دعوے کرنے کا الزام لگارہی ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے کئی شہروں میں مودی کے خلاف مظاہروں کے دوران کم از کم چار افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی بھی ہوگئے۔ مظاہرین مودی کی مبینہ مسلم مخالف پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں