بھارتی کرکٹرز سراج اور عمران کی ماتھے پر تِلک نہ لگوانے کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر نیا ہنگامہ شروع

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی ٹیم کے مسلمان فاسٹ باؤلرز محمد سراج اور عٴْمران ملک کی جانب سے ماتھے پر تِلک لگانے سے انکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر بھارت میں دونوں کرکٹرز کے خلاف نیا ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارتی ٹیم کو ہوٹل میں داخل ہوتے دیکھا جا رہا ہے اور اس موقع پر ہوٹل کے عملے کی ایک خاتون کھلاڑیوں کے ماتھے پر تِلک لگاتی ہیں۔

اس موقع پر مسلمان فاسٹ باؤلر محمد سراج کی باری آتی ہے تو وہ خاتون کو تِلک لگانے سے منع کر دیتے ہیں اور ان کے بعد ایک اور مسلمان فاسٹ باؤلر عٴْمران ملک بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے تلک لگانے سے انکار کر دیتے ہیں۔
یہ ویڈیو منظرعام پر آتے ہی بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے دونوں مسلمان کرکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور دونوں کرکٹرز کی اپنی ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے کچھ صارفین نے تو انہیں ہندو مذہب کی توہین کا مورد الزام بھی ٹھہرا دیا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس ویڈیو میں بھارتی ٹیم کے بیٹنگ کوچ وکرم راتھوڑ اور ایک سپورٹ اسٹاف کے رکن بھی تلک لگوانے سے انکار کر دیتے ہیں تاہم ان کے اس عمل کو کسی نے بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا لیکن سراج اورعمران کے انکار پر طوفان برپا کردیا گیا۔