موجودہ نازک حالات میں سیاسی جماعتیں ملک کے مفاد کیلئے اکٹھی ہوں ‘ محمود اسلم

سیاستدان اپنی لڑائیاں بعد میں لڑ سکتے ہیں پہلے ملک کو مشکل سے نکالنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے

لاہور(شوبز ڈیسک) سینئر اداکار محموداسلم نے کہا ہے کہ اس وقت ملک جس نازک حالات سے دوچار ہے ایسے میں تمام سیاسی جماعتیں ملک کے مفاد کیلئے اکٹھی ہوں کیونکہ ملک ہے تو سب کچھ ہے ،سیاستدان اپنی لڑائیاں بعد میں لڑ سکتے ہیں پہلے انہیں ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے ۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی پہلی ترجیح ملکی معیشت کو درست کرنا ہونا چاہیے ، اس کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے رویے کی وجہ سے آج دنیا میں ہمارا مذاق اڑایا جارہا ہے ، پاکستان ایک ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے ، ہمیں اپنی عزت کا خود خیال کرنا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ خدا کی ذات نے جن شخصیات کو وسائل دے رکھے ہیں انہیں ملک کے موجودہ حالات میں غیر مشروط طور پر میدان میں آنا چاہیے اور حکومت خیر سگالی کے طو رپر ان کے لئے قومی اعزازات اور مراعات کا اعلان کرے ۔