وسیم اکرم اور فواد خان کی فلم ‘منی بیک گارنٹی’ کا ٹیزر جاری

کراچی: (شوبزویب ڈیسک) پاکستان کے سپر سٹار فواد خان اور وسیم اکرم کی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔ یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کئے گئے ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کے ٹیزر میں فواد خان کو وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کے ساتھ مزاحیہ انداز میں رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

گزشتہ دنوں جاری کئے گئے فلم کے ٹریلر میں سب ہی اداکاروں کو پیسے لوٹتے، ایک دوسرے کے خلاف سازش کرکے ایک دوسرے سے دولت کو چھیننے کی کوشش کرتے دکھایا گیا جبکہ ایک گینگ کو بڑی مہارت کے ساتھ بینک میں جمع دولت کو چراتے دیکھایا گیا تھا۔

اس فلم کی میگا کاسٹ میں فواد خان، وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم سمیت جاوید شیخ، عائشہ عمر، فیصل قریشی، میکال ذوالفقار، جان ریمبو، حنا دلپذیر، گوہر رشید، علی سفینا، مانی، کرن ملک سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، فلم رواں سال عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔