عمران خان کی کال پر پورے پاکستان کی جیلیں بھر دیں گے، پی ٹی آئی

لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر پورے پاکستان کی جیلیں بھر دیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت کا یہ شوق بھی پورا ہو جائے گا، ہتھکڑیاں اور تشدد کچھ بھی نہیں، وطن کے لئے جان بھی حاضر ہے۔

پارٹی چیئرمین عمران خان کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ اسی طرح ہمارے رہنماؤں کی گرفتاریاں ہوتی رہیں اور انہیں دیوار سے لگایا جاتا رہا تو یہی آپشن بچتا ہے، یہ اپنا شوق پورا کر لیں، ہم حقیقی آزادی کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

رہنما تحریک انصاف میاں اسلم اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ جیل بھرو تحریک سے تیرے شوق کو تسکین دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان شاءاللہ اس ملک کی جیلیں کم پڑ جائیں گی لیکن نہ ہمارا جذبہ ماند پڑے گا، نہ حوصلے کم ہوں گے۔

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو تیار رہنے کا حکم دے رکھا ہے۔