امریکا: چین کے مبینہ جاسوس غبارے کی پرواز، انٹونی بلنکن کا دورہ چین ملتوی

واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکا میں چین کے مبینہ جاسوس غبارے کی پرواز کے بعد امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونٹی بلنکن نے اپنا چین کا دورہ ملتوی کر دیا، ان کے دورہ چین کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ پر بظاہر جاسوس غبارے کی پراوز کا چین کا فیصلہ ناقابل قبول اور غیر ذمہ دارانہ ہے ،چینی غبارہ ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، یہ ایک ناقابل قبول اور غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے جبکہ ایک طویل منصوبہ بندی کے بعد طے کئے گئے دورے کے موقع پر غبارے کا آنا اور بھی زیادہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔

امریکی محکمہ دفاع نے کہا کہ امریکا کی فضا میں پرواز کرنے والے مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو ٹریک کیا جا رہا ہے مگر حفاظتی وجوہات کے باعث اسے نہ گرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پینٹاگون حکام کے مطابق چند دن قبل امریکی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد سے اس غبارے پر طیاروں سمیت مختلف طریقوں سے نظر رکھی جارہی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بارے میں قریبی امریکی اتحادیوں کو آگاہ کر دیا گیا تھا جبکہ عالمی امور کینیڈا کے ایک ترجمان نے کہا کہ انہوں نے اس واقعے پر چین کے سفیر کو طلب کیا ہے اور وہ چینی حکام کے سامنے اپنے موقف کا بھرپور طریقے سے اظہار کریں گے۔

دوسری جانب چین نے غبارے کی پرواز پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سویلین ایئر شپ ہے جسے موسمیاتی تحقیق کیلئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن خراب موسم کے باعث اپنے راستے سے ہٹ گیا۔ واضح رہے کہ امریکا کے اعلیٰ سفارت کار بلنکن 5 سے 6 فروری تک بیجنگ کا دورہ کرنے والے تھے تاکہ سکیورٹی، تائیوان اور کوویڈ 19 سمیت وسیع مسائل پر بات چیت کی جا سکے۔