رونالڈو کی النصر کلب کی ویمنز ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا

ریاض : ( سپورٹس ویب ڈیسک ) سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے نئے سعودی کلب النصر کی خواتین کی ٹیم سے ملاقات کی تاکہ ان کے اگلے میچز سے قبل کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھایا جا سکے۔ رونالڈو نے گزشتہ سال دسمبر میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کے بعد النصر کلب کے ساتھ تقریباً 200 ملین یورو کا منافع بخش معاہدہ کیا تھا، وہ جنوری سے ریاض میں ہیں اور اب تک ٹیم کے لیے دو میچز کھیل چکے ہیں۔

النصر کی جانب سے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں رونالڈو کو کلب کی خواتین کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اور سعودی ویمنز پریمیئر لیگ کے ان کے بقیہ دو میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


واضح رہے کہ النصر میں شمولیت کے بعد ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران رونالڈو نے نہ صرف نوجوان لڑکوں کے لیے بلکہ ملک کی خواتین فٹبالرز کے لیے بھی ایک تحریک بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔