80 برس بعد ہمیں پھر سے جرمن ٹینکوں کا سامنا ہے : پیوٹن

ماسکو : (انٹرنیشنل و یب ڈیسک ) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے، 80 برس بعد ہمیں پھر سے جرمن ٹینکوں کا سامنا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹالن گرڈ جنگ کے اختتام کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں پیوٹن نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا موازنہ نازی، جرمنی لڑائی سے کیا۔

جرمنی کی جانب سے یوکرین کو لیپرڈ ٹینکوں کی فراہمی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے، یہ ناقابل یقین لیکن سچ ہے، ہمیں ایک بار پھر جرمن ٹینکوں سے خطرہ لاحق ہے۔

روسی صدر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ جو لوگ میدان جنگ میں روس کو شکست دینے کی امید رکھتے ہیں وہ نہیں جانتے کہ روس کے ساتھ جدید جنگ ان کے لیے بہت مختلف ہو گی، ہم اپنے ٹینک ان کی سرحدوں پر نہیں بھیج رہے لیکن ہمارے پاس جواب دینے کے ذرائع موجود ہیں۔

دوسری جانب کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے پیوٹن کے خطاب کی وضاحت کرنے سے انکار کر دیا تاہم انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر مغرب کی طرف سے یوکرین کو نئے ہتھیار فراہم کیے جائیں گے تو روس جواب دینے کی اپنی صلاحیت کا زیادہ استعمال کرے گا۔