راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاکستان سویٹ ہوم بلڈ بینک اور زمرد خان کی جانب سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں راولپنڈی چیمبر کے ممبران اور بزنس کیمونٹی نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیئے ۔ اس موقع پر صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس ثاقب رفیق نے کیمپ کا خصوصی دورہ کیا اور خون کے عطیات دینے والے جوانوں اور ممبران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
ثاقب رفیق کا کہنا تھا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں عطیہ خون کیمپ کا مقصد تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے، تمام تاجر برادری اور بزنس کیمونٹی تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی خون کی قلت نہیں ہونے دیں گے، چیمبر کے ممبران کا بڑی تعداد میں خون کے عطیات دینا انسانیت سے محبت کا عملی اظہار ہے۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کا کہنا تھا کہ ہماری بزنس کمیونٹی انسانیت کی خدمت میں عمل پیرا ہے، میں بزنس کمیونٹی بالخصوص راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے آج میری آواز پر لبیک کہا اور معصوم زندگیاں بچانے کے اس عظیم مشن میں میرا بھرپور ساتھ دیا۔