کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کا دورہ، آپر یشنز کا تفصیلی جائزہ لیا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کا دورہ کیا اور ان کے آپر یشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر بر یفنگ دیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ نئی حد بندیوں کے مطابق کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں یونین کو نسلز کی تعداد 78 کر دی گئی ہے اور کمشنر کو اس کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے۔
میٹرو پولیٹن کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے، پارکنگ پلیسزکی نگہداشت، روڈز، سٹریٹ لائٹس، سینیٹیشن اینڈ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ و دیگر میونسپل سروسز کا سلسلہ جاری ہے جسے مزید بہتر بناتے ہوئے عوام الناس کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشش جاری ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارے عوام کی سہولت اورآسانی کے لیے ہوتے ہیں،اس لیے افسران اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کے دیرینہ مسئلے ٹریفک جام کا سب سے موثر حل تجاوزات کاخاتمہ ہے جس کے لیے تاجروں کو آن بورڈ لیتے ہوئے جامع حکمت عملی تر تیب دی جائے تاکہ اس کا دیرپا اثر ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جنرل بس اڈے پر صفائی و مسافروں کو دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ے۔ اڈے سے کی جانے والی کمائی کا اگر کچھ حصہ اس پر لگا دیا جائے تو ہم مسافروں کو بہترین و معیاری سفری سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ آئندہ ہفتے اڈے اور مذبح خانے کا دورہ کرکے وہاں صفائی اور دی جانے والی دیگرسہولیات کے معیار کا جائزہ لیں گے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے مزیدکہا کہ وہ ہر جمعہ کو میونسپل کارپوریشن کا دورہ کریں گے اور کارپوریشن کی کارکردگی کی جانچ، در پیش مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے ان سے متعلقہ مسائل بھی وہیں سنیں گے۔