گلشن اقبال میں ریلوے کی 27,000 مربع فٹ زمین واگزار

گلشن اقبال کراچی میں ریلوے کی 27,000 مربع فٹ زمین واگزار

رپورٹ: اعجاز احمد
پاکستان ریلویز نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کے روٹ پر قبضہ مافیا سے 27,000 مربع فٹ زمین واگزار کروالی۔

محکمہ ریلوے کے ترجمان کے مطابق انسداد تجاوزات ٹیم نے ریلوے پولیس کی مدد سے جمعہ کو گلشن اقبال میں کراچی یونیورسٹی اسٹیشن کے قریب کامیاب انسداد تجاوزات آپریشن کرکے 27,000 مربع فٹ زمین واگزار کروالی، جہاں غیر قانونی طور پر چہار دیواری قائم کرکے ایک رہائشی منصوبہ تعمیر کیا جارہا تھا۔

آپریشن میں ریلوے پولیس اور پراپرٹی اینڈ لینڈ ڈپارٹمنٹ نے حصہ لیا، جس کے دوران بھاری مشینری بھی استعمال کی گئی۔ 

دریں اثناء ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) کراچی، پاکستان ریلوے محمد حنیف گل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) کے سی آر، امیر محمد داؤدپوتہ نے کامیاب انسداد تجاوزات آپریشن پر افسران اور پولیس کو مبارک باد دی۔

ڈی ایس نے کہا کہ مذکورہ آپریشن سے بقایا 16 کلومیٹر اورنگی سے ڈرگ روڈ اسٹیشن تک تجاوزات مکمل صاف کرنے کی بنیاد ڈال دی گئی ہے، عدالت عظمیٰ کے احکامات پر کے سی آر کو اصل حالت میں بحال کرنا محکمہ ریلوے کی اولین ترجیح ہے اور تمام وسائل استعمال کرکے یہ مقصد حاصل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں