اگلے سال یوم تاسیس دو نہیں ایک جگہ پر ہوگا، فاروق ستار

آج ہم نظریہ ایم کیوایم کا 37 واں یوم تاسیس منارہےہیں، فاروق ستار

ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے سال یوم تاسیس دو جگہوں پر نہیں ایک جگہ پر ہوگا۔

ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کا پی آئی بی کراچی میں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ منعقد ہوا، جس سے ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نظریہ ایم کیو ایم کا 37 واں یوم تاسیس منارہے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ نظریاتی تحریک اور نظریے کو قائم کروں گا۔ تمام شہروں کو وسائل کے حساب سے پیکیج ملنا چاہیے۔ فاروق ستار نے کہا کہ جس دن درست مردم شماری ہوگی وڈیرہ شاہی کا خاتمہ ہوگا۔ 

انھوں نے کہا کہ کراچی ڈوبا تو11 سو ارب کا اعلان ہوا، 6 ماہ گزر گئے رقم نہیں مل سکی۔ گجرنالہ اور اورنگی نالے کے اطراف لوگوں کے گھر توڑے جارہے ہیں۔ 

فاروق ستار نے کہا کہ حیدر آباد یونیورسٹی کا دو مرتبہ افتتاح ہوا، نہ جانے کب بنے گی۔ سندھ میں غیر آئینی کوٹہ سسٹم کو ختم کرائیں گے۔ اگلا کنونشن بے روزگار نوجوانوں کا باغ جناح میں ہوگا۔ 

انھوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کا بحران حکومت کی اپنی ٹیم نےکیا۔ ملک میں منہگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ بیروزگاری اور مہنگائی نے عوام کو تباہ کردیا۔ پانی کی قلت نے عوام کو پریشان کیا ہوا ہے۔ کراچی کے ساتھ پورے سندھ کے شہری علاقےتباہ ہوچکے۔ ملک کے بلدیاتی ادارے مالی بحران کا شکار ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ رمضان کے بعد کراچی کے مسائل پر تحریک چلائیں گے۔ بند دفاتر کھولے جائیں یا جہاں ہم چاہیں، وہاں ہمارے دفاتر کھلنے دیے جائیں۔ انہوں نے پیشگوئی کی کہ اگلے سال یوم تاسیس دو جگہوں پر نہیں ایک جگہ پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں