پنجاب بیوروکریسی میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ، زاہد اختر چیف سیکریٹری پنجاب تعینات

چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ سی سی پی او لاہور غلام ڈوگر کی جگہ بلال صدیق نئے سی سی پی او لاہور تعینات کر دیے گئے ہیں

لاہور ( نیوز ڈیسک ) نگران سیٹ اپ آنے کے بعد پنجاب بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہو گئی ہے۔ زاہد اختر زمان نئے چیف سیکریٹری پنجاب تعینات کر دیے گئے، اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ زاہد اختر سے قبل چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان تھے، جنہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ سی سی پی او لاہور غلام ڈوگر کی جگہ بلال صدیق نئے سی سی پی او لاہور تعینات کر دیے گئے ہیں۔
گورنر پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکریٹری نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے زیرو روٹ لینے سے انکار کر دیا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا کہ سرکاری پروٹوکول بھی نہیں لیا جائے گا، اپنی گاڑی اور اپنا پٹرول استعمال کروں گا۔
نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی بغیر پروٹوکول وزیر اعلیٰ آفس پہنچے، انہوں نے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ آفس کے افسروں کا محسن رضا نقوی سے تعارف کرایا گیا۔

نگران وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی اپنی گاڑی میں وزیر اعلیٰ آفس پہنچے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا۔ باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد محسن رضا نقوی نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
این این آئی کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں مشاورت کے بعد نگراں وزیر اعلی پنجاب کیلئے محسن رضا نقوی کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پنجاب کے نگراںوزیر اعلیٰ کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا۔ اپنے بیان میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ محسن نقوی صوبے میں انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ مقررکرنےکے فیصلےکا خیر مقدم کرتے ہوئےکہا ہےکہ محسن نقوی ایک سیلف میڈ انسان ہیں، ان کے تعلقات تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کبھی الیکشن لڑا نہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ بنے۔آصف زرداری نے توقع ظاہر کی کہ محسن نقوی بہت جلد اپنے حسن کردار اور قابلیت سے ناقدین کے منہ بند کر دیں گے۔