ایرانی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر، ایک ڈالر لاکھوں ریال تک جا پہنچا

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر لاکھوں ریال تک جا پہنچا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کو ان دنوں یورپی یونین کی جانب سے مزید پابندیوں کے خدشے کا سامنا ہے جس کے باعث ڈالر کے مقابلے میں ایران کی کرنسی تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب پر نئی پابندیوں کے خدشے کے پیش نظر مارکیٹ میں ایرانی ریال پر مزید اثر پڑا اور اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 4 لاکھ 47 ہزار ریال تک جا پہنچا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کررہی ہے جس میں اس بار ایرانی پاسداران انقلاب کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے جب کہ یورپی یونین کے بعض ممبران ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا چاہتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں احتجاج سے لے کر اب تک ریال کی قدر میں 29 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔