بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، رنگپور رائیڈرز نے چٹوگرام چیلنجرزکو 55 رنز سے شکست دیدی، شعیب ملک کی 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز

میرپور (سپورٹس ویب ڈیسک) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے اہم میچ میں رنگپور رائیڈرز نے شعیب ملک کی شاندار پرفارمنس کی بدولت چٹوگرام چیلنجرز کو 55 رنز سے شکست دے دی، رائیڈرز کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چٹوگرام 124 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، شعیب ملک کو 45 بالوں پر 75 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پیر کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے بی پی ایل کے 21ویں میچ میں چٹوگرام چیلنجرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ رنگپور رائیڈرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ تجربہ کار بیٹر شعیب ملک نے 45 بالوں پر 75 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل ہیں۔
عظمت اللہ عمرزئی 42 اور محمد نائم 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

چٹوگرام کے بائولر مہدی حسن نے 39 رنز کے عوض 3، شوواگاتا ہوم نے 13 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ رنگپور رائیڈرز کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چٹوگرام کی ٹیم 17ویں اوور میں 124 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کپتان شوواگاتا ہوم نے 31 بالوں پر 52 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، درویش رسولی 21 اور ضیاء الرحمان 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ دیگر کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔ فاسٹ بائولر حارث رئوف نے 17 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ رقیب الحسن نے2 ، عظمت اللہ ، حسن محمود اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس شاندار فتح کے بعد رنگپور رائیڈرز کی ٹیم بی پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔