وزیراعظم عمران خان کی ندیم بابر کو مستعفی ہونے کی ہدایت

اسلام آباد(حالات جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال کے پٹرولیم بحران پر معاون خصوصی ندیم بابر سے استعفیٰ طلب کرلیا ہے۔

پٹرولیم بحران پر تحریک انصاف کی حکومت نے اہم قدم اٹھالیا، اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے دست راست ندیم بابر کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد وفاقی وزراء شفقت محمود اور شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اسد عمر نے ندیم بابر کے استعفے سے متعلق اہم انکشاف کیا۔

اسد عمرکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی ندیم بابر کے ساتھ سیکریٹری پٹرولیم کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے پٹرولیم بحران کے متعلق کوئی شک نہیں کہ جن اداروں کو ذمے داری دی گئی تھی وہ اس کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم بالکل کلیئر ہیں کہ ہم نے تعین کرنا ہے کہ اس معاملے پر ذمے داری کیوں ادا نہیں کی گئی؟

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے معاون خصوصی یا سیکریٹر ی پٹرولیم کو براہ راست ذمے دار تصور نہیں کیا، پٹرولیم بحران کے معاملے پر جو بھی مجرم ہے یا شریک جرم ہے، وہ جیل جائے گا اور اُسے ہتھکڑیاں لگیں گی۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ کس نے ذمے داری ادا نہیں کی؟ اور کیا کوئی شریک جرم تھا؟ یہ دو الگ چیزیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی گئی تو یہ کس نے کی؟ یہ کمزوریاں ہوئیں، ثبوت کے ساتھ کورٹ کے اندر کیسز دائر کیے جاسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں