طویل القامت اژدھے کے ساتھ کھانا کھاتی نڈر لڑکی، ویڈیو وائرل

لوگ دوست احباب کے ساتھ ہوٹل میں کھانا کھانے جاتے ہیں لیکن یہ لڑکی نرالی ہے جو طویل القامت اژدھے کے ہمراہ کھانا تناول فرما رہی ہے۔

اسلام آباد(ویب ڈیسک) لڑکیاں عموماً ڈرپوک واقع ہوتی ہیں اور دیکھا گیا ہے کہ اکثر لڑکیاں گھر میں چھپکلی اورلال بیگ دیکھ کر خوف کے مارے چیخ چیخ کر آسمان سر پر اٹھا لیتی ہیں۔ شاید اسی لیے انہیں صنف نازک کہا جاتا ہے لیکن آج کے دور میں ایسی صنف نازک کی بھی کمی نہیں جو بہادری اور بے خوفی کی مثالیں قائم کرکے دنیا کو حیران کر رہی ہیں۔

ایسی ہی ایک نوجوان لڑکی کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوکر دھوم مچائے ہوئے ہے اور دھوم کیوں نہ مچائے جب وہ لڑکی کئی فٹ طویل اژدھے جس کو دیکھ کر بڑے بڑے بہادروں کا پِتہ پانی ہو جائے، ایسے ہی ایک خوفناک اژدھے کے ہمراہ ریسٹورینٹ میں بلا خوف وخطر کھانا کھاتی دکھائی دے۔

چند سیکنڈ کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی کی میز پر ایک کئی فٹ طویل اژدھا موجود ہے اور وہ اس سے بغیر ڈرے مزے سے کھانا کھانے میں مصروف ہے بلکہ اس صورتحال کو انجوائے کر رہی ہے جب کہ اس کے ساتھ بیٹھی لڑکی کے چہرے پر ہلکی سی پریشانی نظر آ رہی ہے۔

اس دلچسپ ویڈیو کو انسٹا گرام پر گزشتہ ماہ الہان اطالے نامی ایک صارف نے اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا تھا کہ ’’اژدھے کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے اسے بھی کھانا کھلائیں تاکہ وہ بھوکا نہ رہے۔‘‘


دیکھتے ہی دیکھتے یہ دلچسپ اور سنسنی خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور اب تک ایک کروڑ سے زائد صارفین اس کو دیکھ چکے ہیں جب کہ ہزاروں کی تعداد میں اسے پسندیدگی کی سند بھی دے چکے ہیں۔ ویڈیو دیکھنے والوں کے اس پر دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔

ایک صارف نے دیو قامت اژدھے کے ساتھ کھانا کھانے کو پاگل پن قرار دیا ہے جب کہ ایک اور صارف نے اژدھے کو کمپیوٹر کا کمال قرار دیتے ہوئے صارفین سے کہا ہے کہ وہ اس حیران کن ویڈیو کو غور سے دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ اژدھا کمپیوٹر اینیمیشن کا نتیجہ ہے۔

اس صارف کے کمنٹ نے ہمیں بھی حیران کردیا ہے آپ بھی ویڈیو کو غور سے دیکھیں اور بتائیں کہ آپ اس بارے میں کیا کہتے ہیں کہ یہ اصلی اژدھا ہے یا پھر کمپیوٹر اینیمیشن کا کمال۔ کمنٹس سیکشن میں رائے دینا نہ بھولیں۔