نواز شریف نے وطن واپسی کیلئے اہم لوگوں کو پیغام بھجوا دیا

لاہور (بیورو رپورٹ) نواز شریف نے وطن واپسی کیلئے اہم لوگوں کو پیغام بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی کی جانب سے بڑا انکشاف کیا گیا ہے۔ سینئر صحافی کا بتانا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف پاکستان واپسی کیلئے تیار ہیں لیکن انہوں نے بڑی شرط بھی عائد کی ہے۔
نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف کے ذریعے اہم لوگوں تک پیغام پہنچایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس شرط پر پاکستان واپس آنے کیلئے تیار ہیں کہ انہیں واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔ سینئر صحافی کے مطابق نواز شریف کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان کے طاقتور حلقے ہمسایہ ملک کو گارنٹی دیں گے کہ ملک واپسی پر مجھے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سینئر صحافی طاہر ملک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا تو ماضی کی گارنٹیوں والا ہے، سب کو معلوم ہے کہ وہ ماضی میں جب پاکستان سے گئے تھے تو تب بھی گارنٹی ہی دی گئی تھی، تب ان کے تعلقات ہی کام آئے تھے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو بیرون ملک گئے ایک سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا۔ جیل میں صحت بگڑنے کے بعد انہیں عدالت کی جانب سے علاج کے غرض سے چند ہفتوں کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
تاہم برطانیہ جانے کے بعد نواز شریف کی جانب سے علاج کروانے کی بجائے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ اس تمام صورتحال میں تحریک انصاف کی حکومت نے شدید ردعمل دیتے ہوئے نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا اعلان کیا، تاہم حکومت تاحال قائد ن لیگ کو وطن واپس لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ قانونی ماہرین کی رائے میں حکومت کیلئے نواز شریف کو وطن واپس لانا ممکن نہیں ہو گا۔ حکومت لندن میں مقیم نواز شریف کے ایکسپائر پاسپورٹ کی تجدید بھی نہیں کر رہی، تاہم اس کے باوجود قائد ن لیگ کی پاکستان واپسی کے امکانات نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں