حکومت نے کل تماشا بنایا تو خود تماشا بنے گی، رانا ثناء

لاھور(حالات جنرل رپورٹر)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کل حکومت نے تماشا بنایا تو خود تماشا بنے گی، قانون نیب کی لونڈی نہیں کہ جہاں مرضی ریڈ زون بنا دیں، مریم نواز ماڈل ٹاؤن سے ریلی کی شکل میں پی ڈی ایم قائدین کے ساتھ نیب پہنچیں گی۔

لاہور میں مسلم لیگ نون کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی ڈی ایم رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس کے بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس میں نون لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نیب کے دفتر پرامن طور پر اظہاریکجہتی کے لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کو مریم نواز کے ڈراؤنے خواب آ رہے ہیں، خوف کےعالم میں حکومت کی رات بھاری ہے، کل ان کی جان نکل جائے گی۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نیب جو کر رہا ہے وہ احتساب نہیں، انتقامی عمل پر ہم سب متحد ہیں، نیب پر حملہ آور ہونے نہیں بلکہ احتجاج ریکارڈ کروانے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیب کو کسی اور سے نہیں اپنے آپ سے خطرہ ہے، لانگ مارچ سمیت تمام 26 نکات پر ہمارا اتفاق ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ہم نے اکٹھے ہوکر سینیٹ میں شکست دی ، پی ڈی ایم اکٹھی ہے، پی ٹی آئی نے عدم برداشت سے بہت نقصان پہنچایا، لانگ مارچ کے ساتھ ہیں استعفوں کے بغیر بھی لانگ مارچ ڈیلیکس طریقے سے ہوگا۔

جمعیت علما اسلام ف کے رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ان حالات میں حکومت کے پیچھے کھڑے ہونا قومی جرم ہو گا، صرف اپوزیشن کی پگڑیاں اچھالنے کے لیے احتساب کیا جا رہا ہے جسے نہیں مانتے۔

پی ڈی ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت اپنا مینڈیٹ کھو چکی ہے، ریڈ زون کا غیرقانونی حکم نامہ واپس لیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں