نیب کا مریم نواز کی 26مارچ کی پیشی منسوخ کرنے کا فیصلہ، سوال نامہ گھر بھجوایا جائے گا

لاہور (بیورو رپورٹ) نجی ٹیلی ویڑن چینل کے پروگرام میں سینئر تجزیہ کار و صحافی عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ نیب نے مریم نواز کی 26مارچ کی پیشی منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے مریم نواز کی پیشی منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا، نجی ٹیلی ویڑن چینل کے پروگرام میں عمران خان نے کہاہے کہ نیب کے بڑے افسران کے درمیان حالات کے تناظر میں ایک اہم میٹنگ ہوئی ہے، جس میں مختلف آپشنز کو زیر غور لایا گیا ہے۔
اِن آپشنز میں پہلی آپشن یہ ہے کہ مریم نواز کی 26مارچ کی پیشی کو منسوخ کر دیا جائے، دوسری آپشن یہ رکھی گئی ہے کہ مریم نواز کے گھر نیب کے سوالات کا سوال نامہ بھجوا دیا جائے۔ جس کے بعد مریم نواز سوال ناموں پر جوابات دے کر نیب کو ارسال کر دیں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صحافی عمران خان نے کہا کہ نیب کو یہ پریشانی لاحق ہو گئی ہے کہ اگر پی ڈی ایم کے لاکھوں کارکنان نیب لاہور آفس کے باہر اکٹھے ہو گئے تو ایسے میں صورتحال پر کیسے قابو پایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور آفس میں پیشی کے دوران تمام اتحادی جماعتوں کے کارکنان اکھٹے ہوں گے۔ اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں کارکنان کی ریلی کو خود لیڈ کروں گا اور ریلی میں لاکھوں لوگ اکٹھے ہوں گے۔ اس حوالے سے نیب نے بھی اقدامات کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے درخواست کی تھی کہ ا ±نہیں نیب لاہور آفس کے باہر فول پروف سکیورٹی دی جائے، جس کے بعد وزارت داخلہ نے نیب آفس کے باہر رینجرز تعینا ت کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
پیپلز پارٹی نے بھی اپنے کارکنان کو پی ڈی ایم کی ریلی میں لے کر آنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد نیب کے لیے بڑی مشکل کھڑی ہو گئی ہے کہ اگر لاکھوں لوگوں کا نیب آفس کے باہر مجمع لگ گیا اور حالات کشیدگی اختیار کر گئے تو ایسے میں صورتحال پر کیسے قابو پایا جائے گا۔ اِس بات کو بنیاد بنا کر صحافی عمران خان نے انکشاف کیا کہ نیب نے مریم نواز کی پیشی اور اس کے بعد حالات کے تناظر میں دو آپشنز پر غور کر کے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں