پولیس افسر رشوت کے الزام سے بچنے کیلئے کرنسی نوٹ کھا گیا

نئی دہلی : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست ہریانہ میں فرید آباد پولیس سٹیشن کے سب انسپکٹر نے رشوت خوری کے الزام سے بچنے کیلئے کرنسی نوٹ نگل لیے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریانہ کے علاقے فرید آباد کے پولیس سٹیشن کا سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو اس نے ثبوت مٹانے کیلئے نوٹوں کو نگل لیا جسے دیکھ کر تحقیقاتی ٹیم حیران رہ گئی۔

رپورٹس کے مطابق سب انسپکٹرکی جانب سے نوٹ نگلنے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کئے گئے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب تحقیقاتی ٹیم سب انسپکٹر کو پکڑتی ہے تو وہ نوٹوں کو منہ میں ڈال کر کھانے کی کوشش کرتا ہے تا کہ ٹیم وہ نوٹ برآمد نہ کرسکے، اس دوران ٹیم اہلکاران اس کے ساتھ کافی مزاحمت بھی کرتے ہیں ، جبکہ ایک بزرگ اسکے سر پر تھپڑ مار کر پیسے باہر نکلوانے کی کوشش بھی کرتا ہے۔


حکام کے مطابق سب انسپکٹر نے ایک شہری سے اس کی بھینس چوری ہونے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے دس ہزار روپے رشوت مانگی تھی جس پر شہری نے اعلیٰ حکام کو شکایت کی اور پھر یہ کارروائی کی گئی۔