شوگر مافیا کا رمضان میں سٹے کے ذریعے قیمتیں مزید بڑھانے کی سازش کا انکشاف

لاہور (آن لائن ) شوگر سٹہ مافیا کا رمضان میں سٹے کے ذریعے قیمتیں مزید بڑھانے کی سازش کا انکشاف ، شوگر مافیا کے بہت بڑا مالیاتی فراڈ، جعل سازی، منی لانڈرنگ نیٹ ورک سامنے آ گیا۔حکومت نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق تمام بڑے شوگر گروپ کے سٹےبازی کی پشت پناہی میں شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 32 موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ایف آئی اے نے شوگر سٹہ مافیا کے سرکردہ ارکان کے اکاونٹس کی

چھان بین کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مصنوعی قیمت اور سٹہ بازی کے ذریعے چینی ک قیمت کو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔ سٹہ مافیا نے ایک سال کے دوران سٹے کے ذریعے 110 ارب روپے کمائے۔شوگر سٹہ مافیا کے خلاف تحقیقات کی نگرانی ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کریں گے۔سٹی بازی کی پشت پناہی کرنے والوں میں ترین گر وپ اور حمزہ گروپ بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں شوگر مافیا کی ملی بھگت کی وجہ سے چینی کی قیمتیں آسمانوں کو چھونے لگی ہیں۔ چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے، لیکن تمام کاوشیں بے سود ثابت ہوئیں۔اب ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں شوگر سٹہ مافیا نے سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ رمضان کی آمد قریب ہے ، رمضان میں چینی کا استعمال بڑھنے کی وجہ سے حکومت کی جانب سے عوام کو خصوصی سبسڈی بھی دی جاتی ہے، لیکن اب ایف آئی اے کی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ شوگر سٹہ مافیا نے رمضان میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے سازش رچارکھی تھی،لیکن اب ایف آئی اے نے اِس سازش کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ جس کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ شوگر سٹہ مافیا کے سرکردہ ارکان سمیت اِس مافیا کی پشت پناہی کرنے والے تمام شوگر گروپس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں