نواز شریف کے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کی تجدید سے متعلق ہدایات جاری

سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے لیے نیا سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے پر وزرات داخلہ نے نواز شریف کے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کی تجدید سے متعلق وزارت خارجہ کو ہدایات جاری کردیں۔

وزارت داخلہ نے اپنی ہدایات میں کہا کہ نواز شریف کی طرف سے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر عملدر آمد نہ کیا جائے۔

وزارتِ داخلہ نے وزارتِ خارجہ کو پاسپورٹ پراسس نہ کرنے کے حوالے سے تین وجوہات لکھی ہیں۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف نیب کے توشہ خانہ ریفرنس میں مفرور ملزم ہیں، نواز شریف تب تک ریلیف حاصل نہیں کرسکتے جب تک عدالتوں میں خود کو پیش نہیں کرتے۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایک، اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین کیسز زیر التوا ہیں، پاسپورٹ درخواست گزار کو اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب متعلقہ حکام کو درخواست گزار کے بونا فائیڈ ہونے کا یقین دلایا جائے۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون کے بھگوڑے کسی بھی شہری کا بیرون ملک سفر کرنے کا حق ختم ہوجاتا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کے لیے ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کی درخواست دے سکتے ہیں، نوازشریف یہ درخواست برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دے سکتے ہیں، نوازشریف کو ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ پی آئی اے کی بکنگ دکھانے پر جاری کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں