جتنا انتقام ہونا تھا ہوگیا ، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا : مریم نواز

لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنا انتقام ہونا تھا ہوگیا ، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا ، انتقام سہہ کر برداشت کرکے ان کو ایکسپوز کیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب میں طلبی ایک سیاسی مقدمہ پر ہے جو انتقام پر مبنی ہے ، نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں ، میں نے فیصلہ کیا تھا کہ ان کے انتقام کوروکنا ہے اور مقابلہ کرنا ہے ، کیوں کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں ، رواداری کی سیاست اور تعلقات کو نبھانا اچھی طرح سے جانتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اب مشکل میں آئی ہے اور اس کی کشتی ڈوب رہی ہے ، اگر عمران خان گھر نہ جارہا ہوتا تو مریم نواز کو نیب بلانے کی ضرورت نہ پڑتی ، نیب کویہ موقع نہیں دیا جائے گا کہ عمران خان کی ڈوبتی کشتی کوبچائے ، پی ڈی ایم عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی اور اپنا لائحہ عمل خود طے کرے گی ، اس میں اورکسی کا عمل دخل نہیں ہے۔
دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کو 12 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا ، لاہور ہائیکورٹ نے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز حفاظتی ضمانت 12 اپریل تک منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو گرفتار کرنے سے روک دیا ، لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کر لیا ہے۔ اس سے پہلے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نیب میں پیشی سے قبل حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ، مریم نواز نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے ، اس مقصد کے لیے دائر درخواست مین موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے دو انکوائریز میں 26 مارچ کو طلب کیا ہے ، لیکن حکومت کے دباوَ پر نیب درخواست گزار کو گرفتار کرنا چاہتا ہے ، نیب درخواست گزار کو 26 مارچ کو گرفتار کر سکتا ہے ، اس لیے لاہور ہائیکورٹ درخواست گزار کی عبوری ضمانت منظور کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں