پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ مسترد کردیا

لاہور (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت کے سکول بند کرنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکول فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب ،خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن نے سکول بند کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
فیڈریشن کے سربراہ کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اسکول مزید 11 اپریل تک بند نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تادیبی کاروائی بند نہ ہوئیں تو لانگ مارچ ہوگا۔ ڈبل شفٹ میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاس میں تدریس جاری رہے گی۔طلبہ، اساتذہ اور سٹاف کی ویکسینیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ کاشف مرزا نے مزید کہا کہ حکومتی اور سیاسی اجتماعات کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی اصل وجہ ہیں انہیں بند کیا جائے ۔
وزیراعظم ،چیف جسٹس اور آرمی چیف سمیت این سی اوسی سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اجتماعات کو بند کریں اور تعلیمی سلسلہ بحال رکھا جائے۔کاشف مرزا نے نے کہا کہ سب کھلا ہے تو اسکول مزید بند نہیں ہوں گے ۔مائیکرو لاک ڈاؤن لوڈ کا آپشن استعمال کیا جائے، طلباء کا مزید تیسرا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلاو َ تشویش ناک ہے ، جب کہ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستا ن میں کورونا کی شدت کم ہے، جہاں کورونا کی شدت زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11اپریل تک بند رہیں گے ، اسلام آباد میں 11 اپریل تک سارے تعلیمی ادارے بند رہیں گے ، اس کے علاوہ کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی ، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول سیل کردیے جائیں گے ، 7 اپریل کو دوبارہ این سی او سی کا اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں