عمران خان کے تمام بیانیے اور وعدے جعلی نکلے،قمر زمان کائرہ

کل گھڑی نہیں گھڑیوں کا ذکر سامنے آیا،سیاسی قوتیں اور ادارے سر جوڑ کر ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں،مشیر وزیر اعظم کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رہنما پیپلز پارٹی اور وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے تمام بیانیے اور وعدے جعلی نکلے،کل گھڑی نہیں گھڑیوں کا ذکر سامنے آیا،عمران خان نے پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچایا جس پر وہ معافی مانگیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے،سیاسی قوتیں اور ادارے سر جوڑ کر پاکستان کو مسائل سے نکال سکتے ہیں،عمران خان کا نام لئے بغیر انکا کہنا تھا کہ اب آپ نئے نہیں جمہوری راستے پر آئیں،اچھل کود سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
وقت ہے کہ تمام ادارے ملکی مسائل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ارشد شریف کے قتل کا واقعہ بہت تکلیف دہ اور افسوسناک تھا،اب واقعہ کے تمام پہلوؤں پر روشنی پڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد شریف قتل کیس اور عمران خان پر حملے پر فل کورٹ کی استدعا کی،دونوں واقعات میں اشاروں میں اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔یقین ہے کہ اب ارشد شریف قتل کیس میں تمام پہلوؤں کو دیکھا جائے گا۔

وزیرا عظم آفس کی فون کالز کی ریکارڈنگ کا معاملہ قابل تشویش ہے۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کل کی آڈیو لیکس کی تردید ابھی تک نہیں آئی۔ دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان شہباز شریف کیخلاف جھوٹی خبریں شائع کرتا رہا اور خود گھڑیاں چوری کرتا رہا،عمران خان نے ڈیلی میل کے ذریعے شہبازشریف کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
ڈیلی میل کا اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جو کہتا تھا ہم کیس دیکھتے ہیں،فیس نہیں،وہ اب کسی کو اپنا فیس دکھانے کے قابل نہیں رہے،آئین کے تحت جھوٹا،چور اور خائن لیڈر نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی کے لوگ عمران خان کو لیڈرشپ کے عہدے سے ہٹائیں،پی ٹی آئی والے کسی نیک اور ایماندار کو چیئرمین بنائیں۔ دوسری جانب ڈیلی میل کیجانب سے معافی مانگنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ردِعمل میں کہا کہ 3 سال تک میری اور میرے خاندان کی کرار کشی کی گئی۔