تحریک انصاف کی حکومت تاریخ کی سب سے زیادہ شفاف حکومت تھی

چار سال بعد مخالفین نے پورا زور لگایا اور دو اسکینڈل ملے، ایک کہ عمران خان نے اپنی گھڑی بیچی دوسرا عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سفر کیا۔فواد چوہدری کی ٹویٹ

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی چار سالہ حکومت کے بعد مخالفین کو صرف دو ہی سکینڈل ملے۔انہوں نے گھڑیوں سے متعلق حال ہی میں سامنے آنے والی آڈیو کے تناظر میں مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ہر کارکن کو فخرہونا چاہئے کہ ان کی حکومت تاریخ کی سب سے زیادہ شفاف حکومت تھی،چار سال بعد مخالفین نے پورا زور لگایا اور دو اسکینڈل ملے ایک کہ عمران خان نے اپنی گھڑی بیچی (پیسوں سے سڑک بنائی) اور دوسرا عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سفر کیا.


گذشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور رہنما اتحریک انصاف زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو سامنے آئی جس میں مبینہ طور پر بشری بی بی، زلفی بخاری سے کہہ رہی ہیں کہ خان صاحب کہہ رہے ہیں کہ ان کی کچھ گھڑیاں ہیں، انہیں بیچ دیں۔
تاہم زلفی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی گفتگو سے متعلق گردش کرنے والی آڈیو ٹیمپرڈہے، ایڈیٹڈ ہے،کاپی،کٹ پیسٹ کرکے بنائی گئی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں زلفی بخاری نے کہا کہ آواز کہاں صحیح ہے کہاں صحیح نہیں فورنزک سے ہی پتہ لگ سکتاہے، اس آڈیو کو فورنزک ضرور کرائیں ، جب بیچی نہیں تو کیسے کہہ سکتاہوں کہ گھڑی بیچی، آڈیو میں جس گھڑی کی بات ہے وہ دبئی والی نہیں، اسلام آباد سے کوئی گھڑی خریدی نہ بیچی ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ گفتگو کاپی پیسٹ کرکے بنائی گئی ہے، ایک بارکوئی چیز ٹیمپرڈ ہوجائے تو بتانامشکل ہو جاتا ہے کیاصحیح ہے کیا غلط، اٴْس وقت کی خاتون اول سے ایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی، گفتگو میں الفاظ کہیں اور سے لے کر آڈیو بنائی گئی ہے، دعوے سے کہتاہوں فارنزک سے پتہ چل جائے گا کہ آڈیو ٹیمپرڈ ہے۔