حکومت کا مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) وفاقی حکومت نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، لاہور سمیت دیگر اضلاع میں اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا کا پھیلاو َ تشویش ناک ہے ، جب کہ سندھ ،بلوچستان اور گلگت بلتستا ن میں کورونا کی شدت کم ہے، جہاں کورونا کی شدت زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11اپریل تک بند رہیں گے ، اسلام آباد میں 11 اپریل تک سارے تعلیمی ادارے بند رہیں گے ، اس کے علاوہ کن اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں یہ فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی ، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول سیل کردیے جائیں گے ، 7 اپریل کو دوبارہ این سی او سی کا اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نویں تا بارہویں امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے جب کہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیمبرج کے ساتھ میٹنگ کریں گے ، کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہو رہے ہیں ، کیمبرج کے ساتھ گفتگو کے بعد اعلان کریں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں تعلیمی اداروں میں 15 روزہ چھٹیوں کا اعلان کریا گیا تھا ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، لاہور ، ملتان ، راولپنڈی ، سیالکوٹ ، گجرات میں 15مارچ سے چھٹیوں کا اعلان کیا جارہا ہے جس کے تحت اسکول 28 مارچ تک بند کیے گئے جس میں اب توسیع کرتے ہوئے تعلی ادارے مزید 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس پابندی کا اطلاق اسکولز، کالجز، جامعات سمیت تمام تعلیمی اداروں پرہوگا تاہم باقی اضلاع اور شہروں میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ اسکولز میں تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا تاہم جہاں کہیں بھی حالات خراب ہوئے وہاں اسکول کو بند کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں