اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 فلسطینی شہید

سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 216 ہو گئی ہے،میڈیا رپورٹس

مقبوضہ بیت المقدس(انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے شہر جینن میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 3فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شہر جینن میں شمال مغربی کنارے پر قائم پناہ گزینوں کے کیمپ پر چھاپہ مارا۔
فلسطین کی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق جمعرات کی صبح بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجیوں نے پناہ گزینوں کے کیمپ پر دھاوا بولا، جس کی وجہ سے مقامی باشندوں کیساتھ پرتشدد تصادم شروع ہو گیا اور صیہونی فورسز نے فائرنگ کر کی3فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے باعث 10افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 216 ہو گئی ہے۔