ایئر لائنز کو 2023 میں 4.7 بلین ڈالر کا منافع ہونے کی امید ہے‘ ایاٹا

توقع ہے 2023 میں مسافروں کی آمدورفت کورونا بحران سے پہلے کی سطح پر واپس آجائیگی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ایاٹا نے کہا ہے کہ سال 2019 کے بعد سال 2023ء ایئر لائنز کے منافع میں بہتری کی قوی امید ہے۔ایاٹا کے مطابق ایئر لائنز کو 2023 میں 4.7 بلین ڈالر کا منافع ہونے کی امید ہے تاہم یہ منافع ابھی بھی 26.4 بلین ڈالر کے اس منافع سے بہت دور ہے جس کی اطلاع صنعت نے 2019 میں دی تھی۔

آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ولی والش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وبائ19 کے بحران کے ایام میں کچھ ایئر لائنز لچکدار رویہ اختیار کیے ہوئے تھیں لیکن اب قوی امید ہے کہ سال 2023 میں یہ صنعت پہلے کے مقابلے میں زیادہ منافع بخش رہے گی اورایئر لائنز سے 2023 میں 779 بلین ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ سست معاشی حالات اور چین میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے ایئر لائنز میں مسافروں کی آمدورفت سال 2022 میں پیشگوئی سے قدرے کم تھی لیکن ایاٹا کو توقع ہے کہ 2023 میں مسافروں کی آمدورفت کورونا بحران سے پہلے کی سطح پر واپس آجائے گی۔