صبا فیصل نے بہو اور بیٹے سے متعلق نجی معاملہ سوشل میڈیا پر لانے کی وجہ بتا دی

چار سال اس معاملے پر چپ رہ کر اپنی عزت، دولت، شہرت کی قیمت ادا کی،معاملات کو سوشل میڈیا پر لانے کا مقصد یہی تھا کہ اللہ تعالیٰ تمام لوگوں کو اداکاروں کے تاریک پہلوؤں کو محسوس کرنے کی توفیق دے۔صبا فیصل

اسلام آباد(شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ صبا فیصل نے بہو اور بیٹے سے متعلق نجی معاملہ سوشل میڈیا پر لانے کی وجہ بتا دی۔انہوں نے ایک اور ویڈیو پیغام میں تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب لوگوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔لیکن میں چاہتی ہوں کے اب مزید اس معاملے پر کوئی بحث نہ کی جائے۔نا تو مجھے برا بھلا کہا جائے اور نہ ہی بہو اور بیٹے کو برا بھلا کہا جائے۔
رشتے ہار جیت سے نہیں بنتے یہ دلوں کے رشتے ہوتے ہیں اور دلوں سے بنتے ہیں۔ آج کا دن میرے لیے بہت مشکل تھا۔مجھے امید ہے آپ سب میرے لئے، میرے گھر والوں کے لئے اور میرے سکون کے لیے دعا کریں گے۔چار سال اس معاملے پر چپ رہ کر میں نے اپنی عزت، دولت، شہرت کی قیمت ادا کی۔ صبا فیصل نے کہا کہ ہم یہ سب چار سال سے برداشت کر رہے ہیں اور اب معاملات کو سوشل میڈیا پر لانے کا مقصد یہی تھا کہ سب کو علم ہو کہ آرٹسٹ کو عزت، دولت ،شہرت کمانے کے بدلے بہت کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔
اللہ تعالیٰ تمام لوگوں کو اداکاروں کی تاریک پہلوؤں کو محسوس کرنے کی توفیق دے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ ‘میں نے اپنے گھر کے نجی معاملات کا یوں کبھی تذکرہ نہیں کیا لیکن اب مجبوراً کرنا پڑ رہا ہے، لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں۔
میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے ۔اداکارہ نے کہا کہ جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں پچھلے چار سال سے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں۔ میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگاسکتے ہیں ۔


صبا فیصل نے بہو سے متعلق تبصرے پر ایک صارف کو بھی کھری کھری سناتے ہوے کہا بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے۔ بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے ۔ صبا فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے سوشل میڈیا پیجز نے نیہا کی پوسٹس شیئر کیں لیکن میں اور میری بیٹی سعدیہ فیصلہ اسی لیے خاموش رہے کہ ہم کچھ بھی بولتے ہیں تو بات وائرل ہوجاتی ہے۔ اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو لوگ تھو تھو کریں گے، اسی لیے میں صرف یہ ہی کہہ رہی ہوں ۔